سعودی،30اگسٹ (ایجنسی)سعودی عرب میں دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائی کے لیے اٹھارہ لاکھ سے عازمینِ پہنچ گئے ہیں۔
سعودی عرب کی نظامت عامہ برائے پاسپورٹس کے ڈائریکٹر جنرل ، میجر جنرل سلیمان الیحییٰ نے ایوان صنعت وتجارت جدہ میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے 1650000 عازمین حج فضائی سفر کے ذریعے پہنچے ہیں۔ 88500 کی زمینی راستے سے آمد ہوئی ہے اور 14,800 سمندری راستے سے سعودی عرب پہنچے ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے
والے 134,000 شہری اور 109,000 غیر ملکی تارکینِ وطن حج کریں گے۔واضح رہے کہ اس سال حج کے لیے دنیا بھر سے بیس سے تیس لاکھ کے درمیان عازمین ِ حج کی مکہ مکرمہ میں آمد متوقع ہے۔
نظامت عامہ برائے پاسپورٹس کے مطابق اس نے مقدس مقامات کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 73,488 تارکین وطن کو لائسنس جاری کیے ہیں۔
سلیمان الیحییٰ کے بہ قول نظامت نے قانون کی خلاف ورزی پر پانچ گاڑیاں ضبط کر لی ہیں۔قانون توڑنے والے 375 افراد کو قید کی سزا سنائی ہے،22 پر جرمانہ عاید کیا ہے اور سترہ لاکھ سعودی ریال جرمانے کی شکل میں وصول کیے ہیں۔