اورنگ آباد، 8 مئی ( یواین آئی) مہاراشٹر میں آج علی الصبح ایک دلخراش حادثے میں اورنگ آباد کے نزدیک بدنا پور كرماڈ ریلوے ڈویژن میں ایک مال گاڑی سے کٹ کر 15 مزدوروں کی موت ہو گئی ۔ اس حادثے میں شدید زخمی ایک مزدور کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ صبح پانچ بج کر 22 منٹ پر چیرپلی کو جا رہی ایک مال گاڑی کے لوكوپايلٹ نے اطلاع دی کہ ناندیڑ ڈویژن کی حدود میں واقع بدنا پور سے كرماڈ کے درمیان 139/4 کلومیٹر پر 15 سے 20 افراد ٹریک پر سو رہے تھے جن میں سے ٹرین کے نیچے آکر 14 افراد کی موت ہو گئی ہے اور دو افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ بعد میں ایک مزید زخمی نے دوران ِ علاج دم توڑ دیا ۔
اس دلخراش حادثے پر نائب صدر ایم وینکیا نايڈ، وزیر اعظم نریندر مودی، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ مدھیہ پردیش کے اوماريا اور شهڈول اضلا ع کے مزدور تھے جو جالنہ میں ایس آر
جی کمپنی میں کام کرتے تھے ۔ ذرائع کے مطابق یہ لوگ گزشتہ شام سات بجے پیدل ہی جالنہ سے نکلے تھے ۔ وہ بدنا پور تک سڑک پر چلتے ہوئے آئے تھے اور بعد میں اورنگ آباد کی طرف ریلوے ٹریک کے کنارے چلنے لگے ۔ تقریباََ 36 کلو میٹر تک چلنے کے بعد وہ بہت تھکا گئے اور ٹریک پر کچھ دیر آرام کرنے کے لئے بیٹھ گئے ۔ بعد میں انہیں گہری نیند آ گئی ۔ ان میں سے 14 افراد ٹریک پر سو گئے، دو افراد ٹریک کے بالکل نزدیک لیٹ گئے جبکہ تین افراد ٹریک سے دور لیٹے تھے ۔
ذرائع کے مطابق پانچ بجے کے بعد جب وہاں سے مال گاڑی گزری تو ٹریک پر لیٹے 14 مزدوروں کی کٹ کر موت ہوگئی جبکہ ٹریک کے قریب لیٹے دونوں مزدور شدید زخمی ہو گئے جنہیں بعد میں اورنگ آباد ضلع کے گھاٹی میں واقع سرکاری اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ۔ دونوں زخمیوں میں سے ایک کی علاج کے دوران موت ہو گئی ۔ پٹری سے دور لیٹے تینوں افراد زندہ ہیں ۔
حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ریلوے پروٹیکشن فورس کے ڈپٹی کمشنر، مقامی پولیس اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے ۔