اورنگ آباد۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ جناب اسد الدین اویسی صاحب نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر حملہ کیا ہے۔ مہاراشٹر کے اورنگ آباد میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی صاحب نے کہا کہ بی جے پی مسلم مکت بھارت چاہتی ہے، جبکہ آر ایس ایس دلت مکت بھارت چاہتا ہے۔
دلتوں اور مسلمانوں سے اپیل کرتے ہوئے اویسی نے کہا "مسلمانوں اور دلتوں کو اب بیدار ہونا پڑے گا کیونکہ بی جے پی اس ملک کو مسلم مکت بھارت بنانا چاہتی ہے، جبکہ آر ایس ایس اسے دلت مکت بھارت بنانا چاہتا
ہے۔"
یہاں 'میم' اور 'بھیم' کے اپنے پرانے نعرہ کو دہراتے ہوئے اسد الدین اویسی صاحب نے کہا، 'میں دلتوں سے بھی کہنا چاہ رہا ہوں کہ آپ کا غریب بھائی آپ کے سامنے کھڑا ہوا ہے۔' بتا دیں کہ اویسی میم کا استعمال مسلمانوں، جبکہ بھیم لفظ کا استعمال دلتوں کے لئے کرتے ہیں۔
اسد الدین اویسی صاحب نے تین طلاق بل پر نریندر مودی حکومت کی بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا، اس قانون کا مقصد مسلم بچوں کو جیل میں ڈالنا اور مسلم خواتین کو سڑک پر لانا ہے۔ یہی اس قانون کا اصل مقصد ہے۔