نئی دہلی۔ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات سے قبل جہاں جے ڈی (ایس) نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ساتھ اتحاد کو لے کر اپنے پتے نہیں کھولے ہیں، وہیں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے 40 امیدواروں کے میدان میں اتارنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پارٹی سربراہ اسدالدین اویسی صاحب پارٹی کی کرناٹک اکائی سے انتخابی حکمت عملی تیار کرنے کے لئے جمعرات کو ملاقات کریں گے۔
مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں جے ڈی (ایس) کی جانب سے اتحاد کے معاملے میں ابھی تک کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔ انہوں نے ہم سے راجیہ سبھا الیکشن تک انتظار کرنے کو کہا تھا۔ ہم 40 امیدواروں کو میدان میں اتارنے پر غور کر رہے ہیں۔
جے ڈی (ایس) نے پہلے ہی بی ایس پی
کے ساتھ اتحاد کر لیا ہے اور ذرائع کے مطابق مسلم، دلت اور ووككلگا ووٹوں کو اپنی طرف کرنے کے لئے مجلس اتحادالمسلمین سے بات چیت کر رہی ہے۔ یہ اتحاد براہ راست طور پر کانگریس کے ووٹ پر اثر انداز ہو گا۔ کانگریس صدر راہل گاندھی اور وزیر اعلی سدا رمیا نے گزشتہ ہفتے اپنے روایتی ووٹ بینک کو مضبوط بنانے کے لئے جے ڈی (ایس) پر حملہ بولا تھا، جس پر کہ دیوگوڑا کی پارٹی کی نظر ہے۔
بنیادی طور سے حیدرآباد کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین نے گزشتہ پانچ سالوں میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے باہر بھی اپنے اثرات کے علاقے کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات میں کچھ نشستیں جیتنے میں کامیابی بھی ملی ہے۔ پارٹی مسلم اکثریتی علاقوں میں اپنی بنیاد کو مضبوط بنانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔