نئی دہلی، 5 مارچ (یو این آئی) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدرآل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور مولانا محمد فضل الرحیم مجددی جنرل سکریٹری بورڈ نے اپنے مشترکہ بیان میں پوری ملت اسلامیہ ہندیہ سے اپیل کی ہے کہ مسلمان ملک کے موجودہ حالات میں قنوت نازلہ اور نماز تراویح کے بعد خاص طور پر دعاؤں کا اہتمام کریں۔
آج یہاں جاری ایک ریلیز میں انہوں نے کہا کہ مسلمان اس وقت اس ملک میں بہت ہی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، دستور کو
بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے ، مسجدوں کی عمارتیں منہدم کی جارہی ہیں، مسلمانوں کے مکان کو بلڈوزر سے زمیں دوز کیا جا رہا ہے اور اوقاف پر قبضہ کرنے کے لئے حکومت سازشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلمانوں کے خلاف جو جرائم ہوتے ہیں۔ اُن پر حکومت کوئی توجہ نہیں دیتی اور مسلمان اپنے آپ کو ریکا و تنہا محسوس کر رہے ہیں اور اُن میں یہ احساس بجاطور پر پیدا ہو رہا ہے کہ حکومت اُن کو نہ صرف یہ کہ انصاف دینا نہیں چاہتی ؛ بلکہ ظلم کو بڑھاوا دینا چاہتی ہے۔