سری نگر، 6 مئی (یو این آئی) انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کووڈ 19 کی دوسری قہر انگیز لہر کے نتیجے میں کووڈ کیسز میں بے تحاشہ اضافہ اور اموات کی شرح میں آئے روز تشویشناک تیزی اور مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے جامع مسجد میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کی نماز، شب خوانی وغیرہ منسوخ کر دی گئی ہے۔
بیان میں انجمن اوقاف نے عوام الناس پر زور دیا ہے کہ وہ ان مقدس اور متبرک تقریبات اور عشرئہ نجات کی خصوصی عبادات، ذکر و اذکار اور دعا و مناجات اپنے
اپنے گھروں میں ہی رہ کر انجام دیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور انکساری اور عاجزی کے ساتھ اس کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے اور موجودہ عالمی وبا سے مکمل نجات کے لئے دعائوں کا اہتمام کریں۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جان ہے تو جہاں ہےاور جان ہے تو عبادت و بندگی بھی ممکن ہے اس لئے موجودہ سنگین صورتحال میں دین اسلام کی طرف سے دی گئی رخصت کے عنوان سے امت مسلمہ کو جو سہولیات فراہم کی گئ ہے ان پر عمل کریں اور کووڈ 19 کے حوالے سے ماہرین کی آرا اور ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل پیرا رہیں۔