حیدر آباد 15 اپریل (یو این آئی) حضرت مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ امیر ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش اور کن مسلم پرسنل لا بورڈ نے صدر کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی کے سانحہ ارتحال پر اپنے گہرے دکھ اور رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ ایک نابغہ روزگار شخصیت سے محروم ہو گئی جو اپنے سینہ میں ملت اسلامیہ کیلئے درد مند دل رکھتے تھے۔
ان کے خطابات میں نصیحت کے ساتھ ساتھ دعوت و موعظت کے بھی بے شمار پہلو پنہاں ہوتے جو ہر
دور اور ہر زمانے میں اہل حق اور اہل فکر کیلئے مشعل راہ ہیں۔ سماج اور معاشرہ کی بگڑتی صورتحال، دین سے دوری، اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر مولانا رابع حسنی ندوی معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے اساتذہ، معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے اپنے خطابات کے ذریعہ تعاون طلب کرتے تاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اور تعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔