گلبرگہ 27 اپریل(یواین آئی) صوفیائے کرام کے شیدائی وماہرقانون مسٹر سبھاش راتھوڑ سابق رکن سنڈیکیٹ گلبرگہ یونیورسٹی گلبرگہ نے ملک، بالخصوص ریاست کرناٹک کے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن اور بھائی چارہ کی خوشگوار فضاء کو یقینی بنانے کے لئے آج صوفیائے کرام، سنتوں اور اللہ والوں کی تعلیمات کو عام کرنے کی شدید ضرورت ہے جن کے دروازے بلا لحاظ مذہب و ملت، رنگ و نسل تمام مذاہب کے ماننے والے انسانوں کے لئے آٹھوں پہر کھلے رہتے ہیں، انہوں نے اس خصوص میں انسانیت کے پیغام کو عام کرنے والے حضرت خواجہ بندہ نوازؒ اور شرن بسویشور کے شہر میں قائم گلبرگہ یونیورسٹی میں حضرت خواجہ بندہ نوازؒ اسٹڈی چئیر کی فوری منظوری اور اس کے لئے درکار ضروری فنڈز کے اجراء کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں سنڈیکیٹ باڈی گلبرگہ یونیورسٹی نے
پروفیسر ای ٹی پٹیّا وائس چانسلر گلبرگہ یونیورسٹی کے دور میں منعقدہ ایک اہم اجلاس مورخہ 29 مارچ 2011ء کو پروفیسر محمد عبدالحمید اکبر سابق صدر شعبہ اردو و سابق ڈین فیکلٹی آف آرٹس گلبرگہ یونیورسٹی کی ایک جامع تجویز پر ریزولوشن نمبر 14 کے تحت حکومت کرناٹک سے درخواست کی تھی اور بعد ازاں 18 اکتوبر 2012ء کو سابق وزیراعلیٰ ریاست کرناٹک مسٹر جگدیش شیٹر کے دورہ گلبرگہ کے موقع پرمسٹر سبھاش راتھوڑاور ڈاکٹر ماجد داغی صدر لوک ساہتیہ منچ گلبرگہ نے وزیراعلیٰ سے اپنی شخصی ملاقات کے دوران مذکورہ تجویز پر مشتمل ایک یادداشت پیش کی تھی اور اس خصوص میں آج انہوں نے مزید پُر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صوفیائے کرام کی تعلیمات کو عام کرنے کی راہ استوار ہوگی اور آنے والی نسلیں نصاب کے حوالے سے صوفیائے کرام کی تعلیمات سے فیض یاب ہوں گی اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب و تمدن، بھائی چارہ اور اخوت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔