نئی دہلی، یکم جولائی(یواین آئی ) کینسر دنیا بھر میں ایک سنگین مسئلہ ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں اموات ہوتی ہیں اس لیے کینسر پر تحقیق اور دریافتوں میں پیش رفت کی ضرورت ہے اس حقیقت کے پیش نظرکینسرکے علاج کے لیے ممکنہ یونانی ادویات کی تحقیق سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یوایم)، وزارت آیوش، حکومت ہند کی ترجیحات میں شامل ہے پروفیسر عاصم علی خان، ڈائریکٹر جنرل،سی سی آر یوایم نے بتایا کہ اس وقت سی سی آر یوا یم جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی، آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نئی دہلی اور انٹریکٹیو ریسرچ ا سکول فار ہیلتھ افیئرز، پونے،
مہاراشٹر کے تعاون سے’مختلف کینسر خلیوں پر افتیمون (Cuscuta reflexa Roxb.) پودے اوربیج کے اثر کا جائزہ‘، ’دائمی مائیلوجینس لیوکیمیا میں یونانی دوا اطریفل افتیمون کے اثر اورکینسر مخالف صلاحیت کا جائزہ‘ اور’یونانی دوا اطریفل غددی کے مدافعتی اثر اور کینسر مخالف صلاحیت کاجائزہ اور فائیٹو کیمیکل معیار بندی‘ کے عنوان سے تحقیق جاری ہے۔
سی سی آر یو ایم نے حال ہی میں ایمیٹی انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی، ایمیٹی یونیورسٹی، نوئیڈا، اتر پردیش کے ساتھ مل کر ’انسانی جگر کے کینسر کے خلیات پریونانی قرابادینی دوا دواء الکرکم کی صلاحیت کا جائزہ‘
کے عنوان سے ایک تحقیق مکمل کی ہے۔