نئی دہلی، 06 دسمبر (یو این آئی) صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے بدھ کو کہا کہ دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں مریض کو فوری علاج ملنا چاہئے، اس لئے کارڈیو پلمونری ریسیسیٹیشن (سی پی آر) کے لئے بیداری اور ضروری تربیت بہت ضروری ہے۔
نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشن ان میڈیکل سائنسز (این بی ای ایم ایس) کے سی پی آر ٹریننگ پر ملک گیر عوامی بیداری پرو گرام کا یہاں افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ عام لوگوں کو دل
کا دورہ سے متعلق تربیت فراہم کرنے کا اقدام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل کی بہترین صحت کو برقرار رکھنا اور متوازن خوراک اور ورزش سمیت صحت کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنا نا ضروری ہے۔ اگر دل کا دورہ پڑنے والے مریض کے آس پاس کوئی سی پی آر تکنیک میں تربیت یافتہ شخص ہے تو وہ اسکی جان بچانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ اس موقع پر صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت میں مرکزی وزیر مملکت پر وفیسر ایس پی سنگھ بکھیل اور ڈاکٹر بھارتی پروین پوار بھی موجود تھے۔