ممبئی، 9 جولائی (ایجنسی) سنیما کی دنیا میں زہرہ سہگل کا نام ایک ایسی اداکارہ اور رقاصہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے تقریباً 7؍ دہائیوں تک بہترین اداکاری سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔
غیر معمولی صلاحیت اور توانائی سے بھرپور زہرہ سہگل 27 اپریل1912ء کو اترپردیش کے سہارنپور میں پیدا ہوئیں۔ وہ ایک ایسی اداکارہ تھیں جنہوں نے فلمی دنیا کی4 نسلوں پرتھوی راج کپور سے لے کر رنبیر کپور کے ساتھ بھی کام کیا۔ زہرہ کی زندگی کے تئیں جوش و جذبے اور ان کے دلفریب انداز کا کوئی جواب نہیں تھا۔
زہرہ سہگل جب ایک برس کی تھیں تب ان کی بائیں آنکھ کی روشنی چلی گئی۔
اس وقت 3
لاکھ پونڈ خرچ کر کے لندن کے ایک اسپتال میں ان کا علاج کرایا گیا اور آنکھ کی روشنی واپس آگئی۔ زہرہ کی پڑھائی لڑکوں کے اسکول میں ہوئی تھی اس لئے ان کے مزاج میں کھلنڈراپن تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ زہرہ اسکول کے دنوں میں درختوں پر چڑھ جایا کرتی اور لڑکوں جیسی شرارتیں کرتی تھیں ۔
زہرہ کا مطلب ہے نیک اور ہنر مند عورت۔ سال 1929ءمیں میٹرک اور 1933ءمیں گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد زہرہ نے رقاصہ بننے کے بارے میں سوچا ۔
زہرہ نے جرمنی میں اودے شنكر کا شوء پاروتی رقص دیکھا اور ان کے الموڑا اسکول میں شامل ہو گئیں۔ خواجہ احمد عباس نے زہرہ سہگل کو ’’ ہندوستان کی انساڈورا ڈنکن‘‘ کہا تھا۔