ممبئی، 30 ستمبر (یو این آئی) اردو زبان کے مشہور شاعر اور نامور نغمہ نگار مجروح سلطانپوری الفاظ اور شاعرانہ اصطلاحات کے سلطان تھے مجروح سلطان پوری 17 جون 1920ء کو اترپردیش کے ضلع سلطانپور میں پیدا ہوئے ان کا حقیقی نام اسرار الحسن خان تھا اُن کے والد ایک سب انسپکٹر تھے مجروح نےاسکولی تعلیم صرف ساتویں جماعت تک ہی حاصل کی اس کے بعد انہوں نے عربی اور فارسی کی تعلیم حاصل کی اور درس نظامی کا کورس مکمل کرنے کے بعد عالم
بنے۔
اس کے بعد انہون نے لکھنؤ کے تکمیل الطب کالج سے یونانی طریقہ علاج میں تعلیم حاصل کی اورحکیم بن گئے۔
مجروح حکیمی دواخانہ کے ساتھ ساتھ سلطان پور میں مشاعروں میں بھی حصہ لیتے تھے۔
ایک مرتبہ انہوں نے سلطان پور میں مشاعرے میں غزل پڑھی جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
شعر و شاعری اور فلموں میں نغمہ نگاری کے دوران انھوں نے اپنا تخلص مجروح رکھا اور پھر مجروح سلطان پوری کے نام سے ہی معروف ہو گئے۔