نئی دہلی/31اگست(ایجنسی) سپریم کورٹ نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزا م میں جنوبی ہندستان کی اداکارہ Priya Prakash Varrier پریہ پرکاش واریر کے خلاف مختلف مقامات پر دائر فوجداری مقدمے آج منسوخ کردیئے۔چیف جسٹس دیپک مشرا، جج اے ایم خانولکر اور جج ڈی وائی چندرچوڑ پر مشتمل بنچ نے تلنگانہ اور مہاراشٹر کے مختلف مقامات پر دائر مقدمات کو منسوخ کرنے سے متعلق اداکارہ پریہ پرکاش کی عرضی منظور کرلی۔
عدالت نے پریہ اور ملیالم فلم 'اور وادار لو' کے ڈائرکٹر عمر عبدالوہاب کے خلاف درج مقدمے منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فلم میں آنکھ مارنے کے منظر سے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 295اے
کے التزامات کی قطعی خلاف ورزی نہیں ہوتی ہے۔
عدالت نے کہاکہ اس سے متعلق کسی بھی فوجداری مقدمے کی سماعت نہیں کی جائے گی۔ چیف جسٹس نے ایک سرکاری وکیل پر تبصرہ کیا کہ 'کسی شخص نے فلم میں ایک گانا گایا اور آپ کے پاس مقدمہ درج کرنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے'۔
فلم کا گانا 'مانکیہ ملاریہ پووی' کے ریلیز ہونے کے ساتھ ہی حیدرآباد میں ایک عرضی دائر کی گئی تھی اور اس میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا گیا تھا۔ ممبئی کی ایک تنظیم نے بھی اس کے تعلق سے معاملہ درج کرایا تھا۔ آخرکار فلم کی اداکارہ اور پروڈیوسر و ڈائرکٹر کو عدالت عظمی جانا پڑا تھا۔