25 فروری یوم پیدائش کے موقع پر
ممبئی، 24 فروری (یو این آئی) بالی وڈ میں شاہد کپور ایک ایسے اداکار کے طور شمار کئے جاتے ہیں جنہوں نے اپنی رومانوی شبیہ کے ذریعہ ناظرین کے درمیان ایک منفرد شناخت بنائی۔
دہلی میں 25 فروری 1981 کو پیدا ہوئے شاہد کپور کو اداکاری وراثت میں ملی ہے۔
ان کے والد پنکج کپور مشہور اداکار ہیں۔
شاہد کپور نے اپنے کیرئیر کا آغاز اشتہاری فلموں سے کیا۔
بطور اداکار اپنا کیرئیر 2003 میں آئی فلم ’عشق وشق‘ سے شروع کیا یہ فلم کامیاب رہی اور انہیں فلم فیئر کے سرفہرست ڈیبو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
فلم عشق وشق کے بعد شاہد کپور نے
’فدا، دل مانگے مور، دیوانے ہوئے پاگل، واہ لائف ہو تو ایسی، شکھر، 36 چائنا ٹاؤن، چپ چپ کے‘ جیسی چند فلموں میں کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں فلاپ رہیں۔
2006 میں انہیں سورج بڑجاتیہ کی فلم ’وواہ‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔
شاہد نے اس فلم میں اپنی سنجیدہ اداکاری سے شائقین کو مسحور کردیا یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی اور اسی کے ساتھ شاہد فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں بھی کامیاب رہے۔
سال 2007 میں آئی فلم ’جب وی میٹ‘ شاہد کپور کے کیریئر کی قابل ذکر فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔
امتیاز علی کی ہدایت میں بنی اس فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔