ممبئی، 24 اکتوبر (یو این آئی) ساحر لدھیانوی ہندی سنیما کے ایک ایسے نغمہ نگار ہیں جن کی شعری اور ادبی صلاحیتوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا، دنیائے سخن میں انہیں امتیازی مقام حاصل ہے۔
ترقی پسند تحریک سے تعلق رکھنے والے مشہور شاعر ساحر لدھیانوی 8 مارچ 1921ء کو لدھیانہ (پنجاب) میں پیدا ہوئے۔
ان کا حقیقی نام عبدالحئی تھا۔
ابتدائی تعلیم خالصہ اسکول سےحاصل کی۔
اس کے بعد لاہور چلے گئے اور گورنمنٹ کالج میں داخلہ لے لیا۔
انہوں نے کالج کے زمانے سے ہی شاعری کا
آغاز کر دیا تھا اور وہ اپنی غزلیں اور نظمیں پڑھ کر سنایا کرتے تھے جس سے انہیں کافی شہرت ملی۔
ساحر لدھیانوی کے ساتھ کالج میں مشہور مصنفہ امریتا پریتم بھی پڑھتی تھیں، جو ان کی غزلوں اور نظموں کی مرید ہو گئیں اور ان سے محبت کرنے لگیں، لیکن کچھ وقت کے بعد ہی ساحر کو کالج سے نکال دیا گیاجس کی وجہ یہ سمجھی جاتی ہے کہ امریتا پریتم کے والد کو ساحر اور امریتاکے رشتے پر اعتراض تھا کیونکہ ساحر مسلمان تھے اور امریتا سکھ ۔
اس کے علاوہ ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ان دنوں ساحرکی مالی حالت اچھی نہیں تھی۔