ممبئی، 29 نومبر (یو این آئی) فلم انڈسٹری کےمشہور و معروف نمبر ون ڈائرکٹر روہت شیٹی نے بتایا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ سپرہٹ فلم ’انگور‘ کا ریمیک بنانا چاہتے تھے۔
روہت شیٹی نے پنجی میں ہورہے ہندستان کے 50 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے دوران بتایا کہ وہ گلزار صاحب کی سپرہٹ فلم ’انگور‘ کا ریمیک بنانا چاہتے تھےاور انہوں نے شاہ رخ کو فلم انگور کے ریمیک کے لئے راضی بھی کرلیا تھا ۔
روہت نے کہا سال 2008 میں میں نے انگور کے ریمیک کی تیاری کی تھی اور کچھ نوجوان فنکاروں کو ذہن میں رکھ کر انگور کی اسکرپٹ بھی لکھ لی تھی ۔
اسی دوران شاہ رخ میرے پاس آئے اور میرے ساتھ فلم کرنے کی بات کہی۔
میں نے انہیں انگور کی اسکرپٹ دکھائی تو وہ فلم کرنے کے لئے راضی ہوگئے کیونکہ فلم انگور شاہ رخ کی والدہ کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک رہی
ہے۔
روہت نے کہا ’’چند روز بعد میرے پاس فلم ’چینئی ایکسپریس‘ کی کہانی آئی اور مجھے اس کی اسکرپٹ اتنی زیادہ پسند آئی کہ میں نے انگور کو ڈراپ کرنے کا ذہن بنالیا۔
جب میں فلم کی کہانی لے کر شاہ رخ کے پاس گیا تو مجھے لگ رہا تھا کہ وہ اس فلم کے لئے انکار کردیں گے کیونکہ وہ انگور کے لئے راضی ہوئے تھے لیکن جب میں نے چینئی ایکسپریس کی کہانی شاہ رخ کو سنائی تو وہ فورًا راضی ہوگئے اور فلم انگور کا کام اسی وقت رک گیا اور اب تک رکا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا ’’ میں انگور کا ریمیک ضرور بناؤں گا لیکن ابھی نہیں بلکہ آرام سے اور جب بناؤں گا تب میں اناؤنسمنٹ بھی کروں گا اگر ابھی کہہ دوں گا تو پریس والے لکھ دیں گے کہ روہت کی آئندہ فلم انگور ہوگی۔
روہت ان دنوں اکشے کمار اور کیٹرینہ کیف کے ساتھ فلم ’سوریہ ونشی‘ بنارہے ہیں جو آئندہ برس 27 مارچ کو ریلیز ہوگی۔