بالی ووڈ۔۔صوفی گائک وڈالی برادرس کی جوڑی ٹوٹ گئی ہے۔وڈالی برادرس میں چھوٹے بھائی پیارے لال کا جمعہ کو دل کا دورہ پڑنے سے 75سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ۔جمعرات کی رات کو انہیں سینے میں درد کی شکایت کے بعد امرتسر کے فورٹس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔یہاں صبح انہوں نے آخری سانس لی۔
امرتسر کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے وڈالی بندھوؤں نے اپنی صوفی گائکی سے ملک ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں خاص پہچان بنائی ہے۔ان کی غزلوں نے لوگوں کو بھی ان کا مرید بنا نے میں کوئی قصر نہیں چھوڑی۔وڈالی بندھوؤں کا نام
آتا ہے تو آپ کے ذہن میں ایک دھن بجنے لگتی ہے ،"تو مانے یا نہ مانے دلدارا اسں تے تینو رب منایا"ان کا یہ گانا بیحد مشہور رہا ہے۔
شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل نے بھی پیارے لال وڈالی کی موت پر غم کا اظہا ر کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ پر لکھا کہ ان کا جانا سنگیت کی دنیا کیلئے بڑا نقصان ہے۔
بالی ووڈ فلموں کیلئے بھی انہوںنے کئی مشہور گانے گائے ہیں۔ان میں 'اے رنگ ریز میرے'اور 'اک تو ہی تو ہی'کو کافی پسند کیاگیا۔ان کی جوڑی کو 2005 میں پدم شری سے بھی نوازا جا چکا ہے۔