ممبئی، یکم جون (یو این آئی) بالی وڈمیں واجد خان کو ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد کیا جائے گا جنہوں نے نہ صرف اپنی سریلی دھنوں سے بلکہ اپنی کھنکتی آواز سے بھی ناظرین کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔
واجد خان کی پیدائش اترپردیش کے سہارنپور میں ہوئی تھی۔ واجد خان کوموسیقی وراثت میں ملی تھی۔ ان کے والد استاد شرافت علی خان مشہورومعروف طبلہ نواز اور میوزک آرگنائزر تھے۔
واجدکے دادا استاد عبدالطیف خان پدم شری ایوارڈ یافتہ موسیقار تھے۔ وہ سارنگی بجایا کرتے تھے۔ واجد خان اور ان کے بھائی ساجد خان نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنے والد استاد شرافت علی خان سے حاصل کی تھی۔
واجد خان نے اپنے بھائی ساجد کے ساتھ مل کر اپنے کیریئر کا آغاز 1998 میں آئی سلمان خان کی سپرہٹ فلم ’پیار کیا تو ڈرناکیا‘ سے کیا تھا۔ اس جوڑی نے سلمان کی کئی فلموںمیں موسیقی دی ہے جس میں گرو،تیرے نام،تم کونہ بھول پائیں گے،مجھ سے شادی کروگی،پارٹنر، وانٹیڈِ، گاڈ تو سی گریٹ ہو،ویر،دبنگ سیریز،ایک تھا ٹائیگر جیسی فلمیں شامل ہیں۔
واجد جاتے جاتے بھی بھائی جان سلمان خان
کے لئے اپنی دوستی نبھاگئے۔ واجد کے کیرئیر کا پہلا نغمہ بھی سلمان کے لئے تھا اور آخری نغمہ بھی۔
حال ہی میں ریلیز سلمان خان کے دو نغمات ’بھائی بھائی اور پیار کرونا‘ میں ساجد۔
واجد نے ہی موسیقی دی ہے۔ یہ نغمے یو ٹیوب پر ریلیز کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایک گلوکارکے طور پر واجدخان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2008 میں فلم ’پارٹنر‘ سے کیا تھا ۔
انہوں نے ’ہڈ ہڈ دبنگ،جلوہ، چنتا تا تو چتا چتا اور فیویکول سے‘ جیسے کئی سپرہٹ گانے گائے ہیں۔
واجد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک بہت ہی سیدھے سادے اور ہنس مکھ انسان تھے۔ ساجد ۔ واجدکی جوڑی نے سونونگم کی البم’دیوانہ‘میں بھی موسیقی دی تھی۔
اسکے علاوہ واجد رئیلٹی شو ’سا رے گا ما پا سنگنگ سپراسٹار، سا رے گا ماپا 2012 ‘ میں سرپرست بھی رہے تھے۔
انہوں نے ٹیلیویژن رئیلٹی شو ’بگ باس ۔ 4 اور 6 کے لئے ٹائیٹل ٹریک بھی بنایاتھا۔
علاوہ ازیں اس جوڑینے آئی پی ایل ۔ 4 کا تھیم سانگ بھی تیار کیا تھا۔ سال 2011 میں فلم دبنگ میں اپنی بااثرموسیقی کے لئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔