نئی دہلی/31مارچ(ایجنسی) پنجابی پاپ گلوکار دلیر مہندی کو سنائی گئی سزا پر کورٹ نے روک لگا دی ہے۔ 2003 میں انہیں انسانی اسمگلنگ کے ایک معا ملہ میں کورٹ نے دو سال کی سزا سنا ئی تھی۔ مہندی کے وکیل نے سزا کے خلاف کورٹ میں اپیل کی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے جمعہ کے روز پٹیالہ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اور سیشن جج کی عدالت نے روک لگا دی تھی۔
غور طلب ہے کہ 16 مارچ کو عدلیہ ومجسٹریٹ ندھی سینی کی کورٹ نے گلوکار مہندی کو
انسانی اسمگلنگ میں ملزم قرار دیا تھا ،کورٹ نے انہیں دو سال کی قید کی سزا سنائی تھی ۔ حالانکہ کچھ ہی منٹوں میں انہیں ضمانت بھی مل گئی تھی۔
پولیس نے دلیر ،ان کے بھائی شمشیر سنگھ (جن کا گزشتہ برس انتقال ہو گیا) اور دو اور لوگوں کے خلاف بیرون ملک بھیجنے کے بہانے لوگوں سے ایک کروڑ روپیہ ٹھگنے کا معاملہ درج کیا تھا۔ شکائت کندہ بخشش سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ نہ تو ڈیل پوری کی گئی اور نہ ہی ملزموں نے ان کے پیسہ واپس کئے۔