ممبئی 15 مئی (یو این آئی ) بالی وڈ کی باربی گرل کٹرینہ کیف گھریلو تشدد سے دوچار خواتین کی مدد کے لئے آگے آئی ہیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران کٹرینہ کیف انسٹاگرام پر مسلسل کچھ نہ کچھ پوسٹ کر رہی ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے گٹار بجاتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔
اس کے علاوہ ان کی فٹنس ویڈیوز بھی مداحوں کے درمیان کافی مقبول رہی تھی۔
ان کی تازہ ترین پوسٹ گھریلو تشدد سے دوچار خواتین کے لئے ہے۔
کٹرینہ کیف نے گھریلو تشدد سے متاثرین کے لئے کام کرنے والی تنظیم ’سنہا‘ کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک
میں لاک ڈاون میں اضافے کے ساتھ ہی گھریلو تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اس ادارہ کو فنڈز اور وسائل کی قلت سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کٹرینہ نے اس اس ادارے کی مدد کرنے کے لئے یہ مہم شروع کی ہے۔
اس مہم کے لئے ’سنہا‘ کے باضابطہ انسٹاگرام پیج سے ایک نام منتخب کرکے اسے اپنی تصویر کے ساتھ شیئر کرنا ہے۔
اس کے بعد دیئے گئے لنک پر عطیہ دیا جاسکتا ہے۔
کٹرینہ نے اس ادارے کی مدد کرتے ہوئے اپنی تصویر پر فاطمہ نام لکھ کر پوسٹ شیئر کی ہے۔
کٹرینہ کے علاوہ جھانوی کپور ، عالیہ بھٹ اور تبو جیسے ستاروں کو بھی نامزد کیا ہے۔