ممبئی/16مارچ(ایجنسی) رفان خان کے ایک ٹویٹ نے کچھ دن پہلے ان کے مداحوں سمیت پورے بالی ووڈ کو صدمہ میں ڈال دیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ وہ ایک نایاب بیماری کے شکار ہیں۔ اس کے بعد سے ان کے لئے جہاں دعاوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، وہیں ان کی بیماری کو لے کر طرح طرح کے قیاس بھی لگائے جانے لگے۔
اس دوران ان فلموں کی بھی چرچا ہوئی جن کی شوٹنگ عرفان کی بیماری کی وجہ سے رک سکتی ہے۔ اب عرفان نے ایک بار پھر تمام افواہوں کو درکنار کرتے ہوئے ٹویٹ کے ذریعہ اپنی بیماری کے بارے میں بتایا ہے۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ کی شروعات
مصنفہ مارگریٹ مشیل کے ایک بیان سے کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ضروری نہیں کہ زندگی ہمیں وہی دے جسے ہم چاہتے ہیں یا جس کی ہم توقع کرتے ہیں۔ ہم ناقابل یقین چیزوں کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں، میرے بیتے دن کچھ اسی طرح بیتے ہیں۔ اب معلوم ہوا ہے کہ مجھے نیورواینڈوکرائن ٹیومر ہے۔
اس سے گزرنا کافی مشکل ہے، لیکن میرے ارد گرد لوگوں کا جو پیار اور ساتھ ہے اس سے مجھے امید ہے۔ اس کے لئے مجھے ملک سے باہر جانا پڑے گا۔ میں سب سے درخواست کروں گا کہ مجھے اپنی دعاوں میں شامل رکھیں۔ جیسا کہ کچھ افواہیں تھیں میں بتانا چاہوں گا کہ نیورو کا مطلب ہمیشہ صرف برین سے نہیں ہوتا، آپ گوگل کے ذریعہ اس کے بارے میں تحقیق کر سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو میرے اس ٹویٹ کے بارے میں انتظار تھا، میں اس کے بارے میں آپ کو بتاتا رہوں گا۔