ممبئی، 16 جون (یو این آئی) فلمی دنیا کو اپنی سریلی موسیقی سے آراستہ کرنے والے عظیم موسیقار اور گلوکار ہیمنت کمار مکھوپادھیائے عرف ہیمنت دا کے نغمے آج بھی فضاؤں میں گونجتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔
بنارس میں 16 جون 1920 کو پیدا ہوئے ہیمنت کمار نے ابتدائی تعلیم کلکتہ کے مترا انسٹی ٹیوٹ سے حاصل کی۔
انٹر کا امتحان پاس کرنے کے بعد ہیمنت کمار نے جادو پور یونیورسٹی میں انجینئرنگ میں داخلہ لے لیا لیکن کچھ عرصے بعد ہیمنت کمار نے اپنی انجینئرنگ کی پڑھائی چھوڑ دی کیونکہ اس وقت ان کا رجحان موسیقی کی جانب مائل ہو گیا تھا اور وہ موسیقار بننے کا
خواب دیکھ رہے تھے ۔
اس دوران ہیمنت کمار نے ادب کی دنیا میں بھی اپنی شناخت قائم کی اور ایک بنگالی میگزین 'دیش' میں ان کی ایک کہانی بھی شائع ہوئی۔
لیکن سال 1930 کے آخر تک ہیمنت کمار نے اپنی پوری توجہ موسیقی کی جانب لگانی شروع کر دی۔
اپنے بچپن کے دوست سبھاش کی مدد سے سال 1930 میں ہیمنت کمار کو آکاش وانی کے لیے اپنا پہلا بنگلہ گیت گانے کا موقع ملا۔
ہیمنت کمار نے موسیقی کی اپنی ابتدائی تعلیم ایک بنگلہ موسیقار شیلیش دت گپتا سے حاصل کی۔
ہیمنت کمار نے استاد فیاض خان سے ساشتریہ موسیقی کی تعلیم بھی حاصل کی۔