ممبئی، 19 جولائی (یو این آئی) ہندی فلم انڈسٹری میں گیتا دت کا نام ایک ایسی گلوکارہ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی آواز کی کشش سے تقریباً تین دہائیوں تک ناظرین کو مسحور کیا۔
گیتا دت 23نومبر1930ء کو فرید پور (اب بنگلہ دیش) میں پیدا ہوئیں۔
ان کا اصلی نام گیتا گھوش رائے چودھری تھا۔
ان کے والد ویرندر ناتھ گھوش ایک امیر زمیندار خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔
40ء کی دہائی میں ان کا خاندان ممبئی آگیا تھا۔
ان کا رجحان بچپن سے ہی موسیقی کی جانب تھا اور وہ گلوکارہ بننا چاہتی تھیں۔
گیتا نے استاد ہنومان پرساد سے موسیقی کی تعلیم حاصل کی‘
ہنومان پرساد نے انہیں فلموں میں گانے کا مشورہ دیا اور انہیں اپنی فلم ’’ بھگت پرہلاد‘‘ میں ایک گانے کے صرف دو بول گانے کیلئے دیئے جس سے ان کا فلموں میں گانے کا آغاز ہوگیا‘ اس کے بعد انہوں نے ملن‘ بھوک‘ ملکہ‘ نیل‘ ساجن‘ شہنائی‘ قسم‘ دل کی رانی‘ مجبور ‘پد منی شہید ‘شبنم مقبول فلموں کیلئے گانے گائے۔
اس کے بعد1947 ء میں موسیقار ایس ڈی برمن نے انہیں اپنی فلم ’’ دو بھائی ‘‘ میں گانے کی آفر کی ۔
یہ فلم ان کے فلمی کیرئیر کی اہم فلم ثابت ہوئی اور ان کا گایا یہ نغمہ ’میرا سندر سپنا بیت گیا....‘ کافی مقبول ہوا اور وہ بطور گلوکارہ اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگیئں۔