ممبئی 2 مئی (یو این آئی)ہندستان میں پہلی ہندی فلم ’’راجا ہریش چندر‘‘ کی تخلیق دھنڈیراج گووند پھالکے (دادا صاحب پھالکے)نے پھالکے فلم کمپنی کے بینر تلے کی تھی۔
اس فلم کو بنانے میں فوٹوگرافی سامان کے ڈیلر یشونت ناڈکرنی نے ان کی بہت مدد کی تھی۔
فلم میں راجا ہریش چندر کا کردار دتاتریہ دامودر دبکے، روہتشو کا کردار دادا صاحب پھالکے کے بیٹےبھال چندر پھالکے جبکہ رانی تارامتی کا کردار ریستوراں میں باورچی کے طور پر کام کرنے والے انا سالونکے نے نبھایا تھا۔
فلم کی تخلیق کے
دوران دادا صاحب پھالکے کی اہلیہ نے ان کی بہت مدد کی اس دوران وہ فلم میں کام کرنے والے تقریبا 500 لوگوں کے لئے خود کھانا پکاتی تھیں اور ان کے کپڑے بھی دھوتی تھیں۔
اس فلم کو بنانے میں تقریبا 15000 روپے خرچ ہوئے جو اس دور میں کافی بڑی رقم ہوا کرتی تھی۔
فلم کا پریمیئر اولمپیا تھیٹر میں 21 اپریل 1913 کو ہوا جبکہ یہ فلم تین مئی 1913 میں ممبئی کے كورنیشن سنیما میں جلوہ گر ہوئی تھی۔
تقریبا 40 منٹ کی اس فلم کو ناظرین کی بے پناہ حمایت حاصل ہوئی ۔
یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔