ممبئی ، 24 جون (یو این آئی) بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ کیریئر کا ابتدائی دور ان کے لئے بہت مشکل رہا اور انہوں نے کافی جدوجہد کے بعد اپنی شناخت بنائی۔
سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد فلم انڈسٹری میں نیپوٹزم (کنبہ پرستی ) کامعاملہ ایک بار پھر گرم ہوگیا ہے۔
ویسے انڈسٹری میں رشتہ داری کا معاملہ نیا نہیں ہے۔
اس دوران پرینکا چوپڑا کی ایک پرانی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ بالی ووڈ اوراقرباپروری پر بیباکی سے اپنی رائے کا اظہار کررہی ہیں۔
حالانکہ یہ ویڈیو کافی پرانی ہے۔
پرینکا چوپڑا ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جو ہر معاملے پربیباکی کے ساتھ اپنی رائے کااظہار کرتی ہیں۔
اس پرانی ویڈیو میں بھی پرینکا نیپوٹزم
پر اپنی رائے دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں پرینکا کہہ رہی ہیں کہ ‘‘نیپوٹزم اور بالی ووڈ ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔
لیکن پچھلے کچھ سالوں میں ایسے فنکار آئے ہیں جو اسے توڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔
ان فنکاروں نے اپنی الگ شناخت بنائی ہے جو میں بھی کرنے کی کوشش کر رہی ہوں‘‘۔
بالی ووڈ میں آنے کے بعد اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے پرینکا نے کہا ’’یہ میرے لئے بہت مشکل تھا۔
میں یہاں کسی کو نہیں جانتی تھی۔
جب میں نے یہاں قدم رکھا تب یہاں سبھی ایک دوسرے کے اچھے دوست تھے۔
میں نیٹ ورکنگ میں زیادہ اچھی نہیں تھی اور نہ ہی زیادہ پارٹیوں میں جاتی تھی۔
میرے لئے بھی تھوڑا مشکل تھا لیکن میں نے اس حقیقت کو قبول کیا کہ مجھے ان سب چیزوں سے ڈرنا نہیں ہے‘‘۔