نئی دہلی، 25 نومبر (یو این آئی) دہلی اسمبلی کی امن اور ہم آہنگی کمیٹی نے فرقہ وارانہ انتشار اور نفرت پھیلانے کے الزام میں اداکارہ کنگنا راناوت کو 6 دسمبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔
دہلی کے رکن اسمبلی راگھو چڈھا کی سربراہی میں امن اور ہم آہنگی کمیٹی نے کنگنا راناوت کو پیش ہونے کے لیے بلایا ہے تاکہ موجودہ مسئلے پر زیادہ جامع اور بہتر انداز میں بات چیت کی جاسکے۔ سمن جاری کرکے اداکارہ کو 6 دسمبر کو دوپہر 12 بجے پیش ہونے کے لیے طلب
کیا گیا ہے۔
دہلی اسمبلی کی امن اور ہم آہنگی کمیٹی کو اداکارہ کنگنا کی جانب سے ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ، کنگنا راناوت پر مبینہ طور پر توہین آمیز پوسٹ کے حوالے سے کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ شکایت کنندگان کے مطابق کنگنا راناوت کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی رسائی بہت زیادہ ہے۔ اسے دنیا بھر میں تقریباً 80 لاکھ افراد فالو کرتے ہیں۔ کنگنا نے مبینہ طور پر اپنی پوسٹ سے سکھ برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے جس سے معاشرے کے امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔