حیدرآباد، 23 ڈسمبر (ذرائع) تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو کے بیٹے نارا لوکیش نے فلمساز ہدایت کار رام گوپال ورما کی جانب سے اپنی فلم ویوہم میں اپنے والد کی شبیہ کو خراب کرنے کی مبینہ کوششوں پر تلنگانہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں لوکیش نے کرائم تھرلر فلم کے سنسر سرٹیفکیٹ کو منسوخ کرنے کی مانگ کی ہے جس میں سازشوں کے جال کے درمیان ایک پولیس افسر کے کام کو دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ
چندرا بابو نائیڈو کو فلم میں "غلط طور پر پیش کیا گیا" تاکہ انہیں "غیر مقبول" بنایا جا سکے۔
ٹی ڈی پی کے قومی جنرل سکریٹری لوکیش نے ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ ہدایت کار اور پروڈیوسر کے کام سے نائیڈو کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
لوکیش نے الزام لگایا ہے کہ یہ فلم چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے تعاون سے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کا مقصد اپوزیشن ٹی ڈی پی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ اس درخواست پر منگل کو سماعت کرے گا۔