ممبئی/5جولائی(ایجنسی) بالی ووڈ اداکار جان ابراہم کی آنے والی فلم ’ستیہ میو جیتے‘ ریلیز ہونے سے پہلے قانونی شکنجے میں پھنس گئی ہے، فلم کو لیکر حیدرآباد میں شیعہ طبقے نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام میں شکایت درج کرائی ہے.
ڈی این اے کی خبر کے مطابق، بی جے پی میناریٹی فرنٹ کے جنرل سکریٹری سید علی جعفری نے یہ الزام لگائے ہیں کہ حال ہی میں ریلیز ہوئی ’ستیہ میو جیتے‘ کی ٹریلر میں محرم الحرام کو غلط طریقے سے دکھایا جا رہا ہے.
انہوں نے کہا، 'ٹریلر کے ایک سین میں محرم کے ماتم کو دیکھایا گیا ہے ، ٹریلر میں اس سین کے دوران فلم کے اداکار جان ابراہم قتل کرتے ہوئے دیکھائی دے رہے ہیں،
جس سے ہماری کمیونٹی کے احساس کو ٹھیس پہنچا ہے.
اس حوالے سے فلم کے ہدایت کار ملاپ زاویری نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے جب کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے سینئر ممبر کا کہنا ہے کہ فلم کو ہمارے پاس آنے دیجئے، فلم سنسر بورڈ کے تجربہ کار پینل کو دکھائی جائے گی اور اگر پینل کو فلم دیکھتے ہوئے کہیں بھی محسوس ہوا کہ فلم میں شامل محرم کے حوالے سے سین کے باعث لوگوں کے جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہے تو یہ سین فلم سے فوراً ہٹادیا جائے گا۔ سی بی ایف سی کا موقف مذہبی معاملات میں بہت واضح ہے، کسی کو بھی اظہار رائے کی آزادی کے نام پر کسی کے جذبات مجروح کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔