نئی دہلی، 06 اکتوبر (یو این آئی) کورونا وبا کے سبب کئی ماہ سے بند سنیما ہال 15 اکتوبر سے کھلنے جا رہے ہیں۔ اس بابت آج اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے گائڈلائنس جاری کیے۔
مسٹر جاؤڈیکر نے کہا کہ وزارت صحت کے صلاح و مشورے کے مطابق گائڈلائنس جاری کی گئی ہے جس میں 50 فیصد ناظرین کی استعداد کے ساتھ سنیما گھر کھل سکیں گے۔ گائڈلائنس کے مطابق ہال میں ایک سیٹ چھوڑ کر بیٹھنے کا انتظام ہوگا۔
ہال اور عوامی مقامات پرلوگوں کے درمیان چھ فٹ کی دوری، ہال اور عوامی مقامات پر ماسک لگانا، ایگزٹ اور انٹری پوائنٹ پر ٹیمپریچر کا ٹیسٹ کرنا اور سینیٹائزر رکھنا ضروری ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ تمام سنیما ہال میں فلم نشر ہونے سے قبل اور انٹرول میں کورونا کے سلسلے میں بیداری پھیلانے والی ایک منٹ کی فلم یا اعلان دکھانا ضروری ہوگا۔ فلم کے دو شو کے درمیان ضروری وقفہ ہو تاکہ ہال کو اچھی طرح سینیٹائز کیا جا سکے۔