رواں ہفتے بالی وڈ کی سب سے دلچسپ خبر کرن جوہر اور روہت شیٹی کا ٹی وی ریئلٹی شو 'انڈیاز نیکسٹ سپر سٹار' نہیں بلکہ اس شو پر کنگنا رناوت کو مدعو کیا جانا ہے۔
شو کا تھیم ہے 'انڈیا کا اگلا سپر سٹار خاندان کے نام یا کسی سفارش کے بغیر'۔ اب ایسے شو پر کرن جوہر کا کنگنا کو بلانا پبلسٹی سٹنٹ بھی کہا جا سکتا ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو کنگنا ہی اس موضوع کو اٹھانے والی شخصیت تھیں۔
اقربا پروری کے حوالے سے جس طرح کنگنا نے کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اس کے بعد پوری انڈسٹری اس بارے میں بات کر رہی تھی اس لیے اس شو پر کنگنا سے بہتر کوئی شخصیت ہو ہی نہیں سکتی۔
چلیں اس بہانے کنگنا اور کرن کے درمیان اس حوالے سے ہونے والی لڑائی بھی ختم ہوتی نظر آ رہی ہے۔ یوں بھی کرن کو اس شو کا پورا کریڈٹ کنگنا کو ہی دینا چاہِیے کیونکہ انہی کے سبب انھیں اس شو کا آئیڈیا آیا ہوگا۔
اکشے کمار اپنی اہلیہ اور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ یہاں نظر آ رہے ہیں
بالی وڈ کے کھلاڑی اکشے کمار پچھلے کچھ سالوں سے دیش بھکتی اور سماجی موضوعات پر فلمیں بنا رہے ہیں جن میں 'ہے بیبی'، 'ایئر لِفٹ' اور 'ٹوائلٹ ایک پریم کتھا' جیسی فلمیں شامل ہیں۔
اب اکشے کمار فلم 'پیڈ مین' کے ساتھ خواتین کے پیریئڈ کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے نکل پڑے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ ساتھ میں ان کی بیگم ٹوئنکل کھنہ فلم پروڈیوسر کے روپ میں ہیں۔
فلم کے پروموشن کے دوران اکشے پیریئڈ کے حوالے سے اپنی نالج میں اضافہ کرنے کی بھر پور کوشش کرتے دکھائی دیے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ خواتین
کا پیریڈ کوئی شرم کی بات نہیں بلکہ ایک معمول کی بات ہے بالکل اسی طرح جس طرح آپ کو بخار یا نزلہ زکام ہوتا ہے۔ امید ہے اکشے کے اس کمنٹ پر ان کی بیگم ’مسز فنی بونز‘ نے ان کی جم کر کلاس لی ہوگی۔
خیر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس کے علاوہ بھی اکشے نے کئی اہم باتیں کیں جیسے کہ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا اتنا بڑا دفاعی بجٹ ہے لیکن اس کا کیا فائدہ جب ملک کی خواتین ہی محرومیوں کا شکار ہوں۔
ان کی تجویز تھی کہ دفاعی بجٹ کا دو فیصد حصہ خواتین کو مفت سینٹری پیڈ مہیا کرانے میں لگایا جانا چاہیے۔ کاش اکشے کی یہ تجویز ملک کے رہنماؤں کے کانوں تک پہنچ جائے۔
سیف علی خان اپنے بیٹے تیمور اور اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ یہاں نظر آ رہے ہیں
یہ بات پہلے بھی سامنے آچکی ہے کہ چھوٹے نواب سیف علی خان اپنی بیٹی سارہ علی خان کے فلموں میں کام کرنے کے فیصلے پر کچھ بے چین سے ہیں۔ جو فلم 'کیدار ناتھ' سے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔
سارہ سیف اور ان کی سابقہ اہلیہ امریتا سنگھ کی بیٹی ہیں۔ اپنی فلم 'کال کانڈی' کی ریلیز کے موقع پر بولتے ہوئے سیف کا کہنا تھا کہ انھوں اپنی بیٹی کو ہر طرح کا مشورہ دیا اور انھیں لگتا تھا کہ ان کی بیٹی کوئی 'نارمل' کام کرے گی لیکن وہ ہمیشہ سے اداکارہ بننا چاہتی تھیں اور اب وہ ان کی خوشی میں خوش ہیں۔
سیف کا کہنا تھا کہ 'ہم اپنے بچوں کے بارے میں فکر مند ہوتے ہیں کیونکہ یہ پیشہ بہت پریشر اور ڈراما لے کر آتا ہے۔'
سیف کے صاحبزادے ابراھیم علی خان بھی اداکاری کے میدان میں آنا چاہتے ہیں اور تیمور کو تو پیدائشی ایکٹر کہا جا رہا ہے لیکن سیف نے اس طرح کے خدشات کبھی اپنے بیٹوں کے بارے میں کیوں نہیں کیے۔ آخر بیٹی کی خواہش پر سوال کیوں؟