ممبئی/18ستمبر(ایجنسی) بالی وڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی ان اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے آرٹ فلموں کے ساتھ کمرشیل فلموں میں بھی اپنی خاص شناخت بنائی ہے۔
اٹھارہ ستمبر 1950 کو پیدا ہونے والی شبانہ کے والد کیفی اعظمی مشہور شاعر اور نغمہ نگار تھے جبکہ ماں شوکت اعظمی تھیٹر کی جانی مانی اداکارہ تھیں۔ شبانہ نے دہلی کے سینٹ زیویر کالج سے گریجویشن کیا اور اس کے بعدپونا فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لے لیا ۔ وہاں اداکاری کے جوہر سیکھنے کے بعد وہ 1973میں ممبئی آگیئں جہاں ان کی ملاقات ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی جنہوں نے انہیں اپنی فلم "فاصلے" میں کام کرنے کی تجویز پیش کی اور یہ فلم مکمل ہونے سے پہلے ہی ان کی فلم "انکر" ریلیز ہو گئی۔
18px; text-align: start;">
ہدایت کار شیام بینیگل کی 1974 میں آئی فلم "انکر" حیدرآباد کے ایک سچے واقعہ پر مبنی تھی۔ اس فلم میں شبانہ اعظمی نے لکشمی نامی ایک ایسی گاؤں والی لڑکی کا کردار ادا کیا، جو شہر سے آئے کالج کے ایک طالب علم سے محبت کر لیتی ہے۔ شیام بینیگل نے اس فلم کی کہانی کئی اداکاراؤں کو سنائی لیکن سبھی نے فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
اپنے کیریئر کے آغاز میں اس طرح کا کردار نبھانا کسی بھی اداکارہ کیلئے مشکل ہو سکتا تھا لیکن شبانہ اعظمی نے اسے ایک چیلنج کے طور پر لیا اور اپنے اداکاری سے ناقدین کے ساتھ ساتھ ناظرین کا بھی دل جیت کر فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔ اس فلم میں اپنی بااثر اداکاری کے لیے وہ بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ سے نوازی گئیں۔