ممبئی، 26دسمبر (ایجنسی) بالی وڈ میں سلمان خان کا نام ان چنندہ فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری کی بدولت ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام بنا رکھا ہے ۔
سلمان خان کی پیدائش 27 دسمبر 1965 میں ہوئی ان کا حقیقی نام عبدالرشید سلیم خان ہے ان کے والدسلیم خان فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف اسکرین رائٹر اور ڈائیلاگ رائٹرہیں۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے ان کا رجحان بھی فلموں کی جانب ہوگیا اور وہ اداکاربننے کاخواب دیکھنے لگے۔
سلمان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1988 میں فلم "بیوی ہو تو ایسی" سے کیا جس میں
انہوں نے مختصر کردار نبھایا تھا۔ تاہم بطور ہیرو انہیں 1989 میں راج شری پروڈکشن کی فلم "میں نے پیار کیا" میں کام کرنے کاموقع ملا ۔ سورج بڑجاتیہ کی ہدایت میں یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی اور انہیں فلم فئیر کا سرفہرست ڈیبو اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔
سال 1991 میں آئی فلم "صنم بے وفا" سلمان خان کے کیریئر کی اہم فلموںمیں شمار کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسی سال فلم ساجن ریلیزہوئی ، فلم کی ہیروئین مادھوری دیکشت کے ساتھ ان کی جوڑی کافی پسند کی گئی ۔ 1994 میں راجکمار سنتوشی کی ہدایت والی فلم "اندازاپنا اپنا" میں سلمان کی اداکاری کا نیارنگ دکھائی دیا۔ اس فلم سے پہلے ان کے بارے میں یہ کہا جاتا تھا کہ وہ صرف رومانٹک کردار ہی ادا کرسکتے ہیں، لیکن سلمان نے عامر خان کے ساتھ اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو مسحور کردیا۔