ممبئی، 20 ستمبر (یو این آئی) ہندی فلمی دنیا میں بیڈمین کے نام سے مشہور گلشن گروور کاایک ایسے اداکار کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعہ نہ صرف بالی ووڈ میں بلکہ ہالی وڈ میں بھی اپنی مضبوط شناخت قائم کی ہے۔
گلشن گروور کی اداکاری والی فلموں کی یہ خاصیت رہی ہے کہ انہوں نے جتنی بھی فلموں میں اداکاری کی ان میں ہر کردار کو ایک مختلف انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کیا۔
سلور اسکرین پر انہوں نے جتنے بھی کردار ادا کئے ان میں وہ ہر بار نئے طریقے سے ڈائیلاگ بولتے نظر آئے۔
ولین کا کردار ادا کرتے وقت گلشن گروور اس کردار میں مکمل طور ڈوب جاتے ہیں اور ان کا گیٹ اپ مختلف طریقے کا ہوتا ہے۔
گلشن گروور اپنے کسی بھی
کردار کو بڑا یا چھوٹا نہیں مانتے۔
کسی بھی کردار کو ادا کرنے سے پہلے وہ اس کی پوری تیاری کرتے ہیں۔
کردار کے مطابق ڈائیلاگ، گیٹ اپ اور اسے نیا رنگ دینے کے لئے وہ باقاعدہ مطالعہ کرتے ہیں۔
فلم رام لکھن میں قیصریا ولایتی، فلم سوداگر کا بھلی رام، وشوآتما کا تپسوی گونجال، سر کا چھپن ٹپکلی ،یا پھر 16 دسمبر کا دوست خان تمام کردار کے ذریعے گلشن گروورنے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔ گلشن گروور کی پیدائش 21 ستمبر 1955 کو دہلی میں ایک درمیانہ طبقے کے پنجابی خاندان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم دہلی میں حاصل کی ۔ بعد میں انہوں نے دہلی کے مشہور شری رام کالج سے گریجویشن کی تعلیم مکمل کی۔ بچپن کے دنوں سے گلشن گروور کا یہ خواب تھا کہ وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں۔