ممبئی،31 اکتوبر(یو این آئی)سابقہ مس ورلڈ ،بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ اور بچن خاندان کی بہو ایشوریہ رائے بچن نے 19سالہ فلمی کیرئیر میں تامل ، ہندی ،بنگالی اور انگلش فلموں میں کام کرکے کئی ایوارڈ اپنے نام کئے اور ہندی فلموں کو بین الاقوامی سطح پر ایک نئی پہچان دلائی۔
ایشوریہ رائے بچن کی پیدائش یکم نومبر 1973 کو منگلورمیں ہوئی۔ کچھ عرصے بعدان کا خاندان ممبئی آگیا۔ بچپن میں ان کا رجحان آرکیٹیکٹ بننے کی جانب تھا لیکن بعد میں ان کا رجحان ماڈلنگ کی جانب ہوگیا۔
سال 1994 میں ایشوریہ رائے نے مس انڈیا مقابلہ میں حصہ لیا جہاں انہیں مس انڈیا کے خطاب سے نوازا گیا۔ مس ورلڈ مقابلہ
میں ہندستان کاپرچم پوری دنیا میں لہراتے ہوئے ریتا فاریہ کے بعد مس ورلڈکا خطاب جیتنے والی دوسری ہندستانی حسینہ بنیں۔
اس مقابلہ میں انہوں نے فوٹوجینک کے خطاب سے بھی نوازا گیا ۔ مقابلہ جیتنے کے بعد ایشوریہ رائے نے سماجی فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور اس دوران انہیں کئی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔
سال 1997 میں ایشوریہ رائے نے اپنے فلمی کیرئر کی شروعات تمل فلم ایروارسے کی۔ اسی برس انہوں نے بالی ووڈ میں بھی قدم رکھا اوربابی دیول کے ساتھ اور پیار ہوگیا میں کام کیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔ اسکے بعد 1998 میں ایشوریہ رائے نے ایس شنکر کی تمل فلم جینس میں کام کیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد ایشوریہ رائے فلم انڈسٹری میں کچھ حد تک اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔