نئی دہلی 22 جنوری(یواین آئی) بھجن کے مشہورگلوکار نریندرچنچل کا آج یہاں انتقال ہوگیا وہ 80 سال کے تھے وہ گزشتہ تین ماہ سے علیل تھے پسماندگان میں دوبیٹے اورایک بیٹی ہے اپولو اسپتال کے ذرائع کے مطابق ان کے دماغ میں خون جم گیا تھا انہوں نے جمعہ کو تقریباً ساڑھے بارہ بجے آخری سانس لی۔
مسٹر چنچل کی پیدائش امرتسر میں ایک مذہبی پنجابی خاندان میں 16 اکتوبر 1940 میں ہوئی تھی۔ ان کے گھر کاماحول مذہبی تھا ان کی ماں بھجن اور آرتی گایا کرتی تھیں۔ چنچل
فطرت کے نریندرنے اپنے والدہ سے گانا سیکھا اور ماتا کے بھکتی سنگیت کو بے حد مقبولیت دی۔ گلشن کمارکی کمپنی ٹی سیریز سے ان کا قریبی رشتہ رہا۔ انہوں نے 1973 میں بالی ووڈ فلم پولیس مین کے لیے پہلا گانا گایا۔ لیکن 1980 میں آئی فلم’آشا‘ کے ’تونے مجھے بلایا‘ اور 1983 میں ’اوتار‘کے ’چلو بلاوا آیا ہے‘ گیتوں نے دھوم مچادی۔ انہوں نے نصف درجن سے زائد فلموں کے کئی گیتوں کواپنی آوازدی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 1400 سے زائد گیتوں، بھجنون کے 270 سے زائد البم کو سروں سے سجایا۔