ممبئی، 20 جنوری (یو این آئی) بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن سمیت کئی ستاروں نےکورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر لوگوں سے ویکسین لگوانے، ماسک پہننے، سینیٹائزر کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو کورونا وائرس سے خود کو محتاط اور محفوظ رکھنے کی اپیل کی ہے کورونا وائرس کی وبا نے ایک بار پھر لوگوں کی زندگی پر پابندی لگادی ہے۔
یونیسیف انڈیا نے لوگوں کو آگاہ کرنے کے مقصد سے ایک میوزک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں فلم اور کھیل کی دنیا سے وابستہ کئی ستاروں نے کورونا کے اثرات کو سمجھتے ہوئے اس سے احتیاط برتنے کا پیغام دیا
ہے۔
اس ویڈیو میں یونیسیف کے عالمی خیر سگالی سفیر امیتابھ بچن، پرینکا چوپڑا کے ساتھ ساتھ میوزک کمپوزر شنکر مہادیون، گلوکارہ ہرشدیپ کور، اولمپک بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو شامل ہیں۔
’’رہنا ہے تیار اور پورا ذمہ دار‘‘ کے بول نغمہ نگار پرسون جوشی نے لکھے ہیں۔
شنکر مہادیون اور ہرشدیپ کور نے اپنے گانے اور تمام ستاروں نے اس ویڈیو کے ذریعے لوگوں تک یہ پیغام پہنچایا کہ کورونا وائرس جیسی وبا پر قابو پانے کے لیے ہم سبھی کو اپنے اقدامات کے تیئں ذمہ دار رہنا چاہیے۔
اس ویڈیو کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت داری کے ساتھ ریلیز کیا گیا ہے۔