حیدرآباد، 21 ڈسمبر(ذرائع) تلگو سپر اسٹار اللو ارجن نے حیدرآباد میں بھگدڑ کے واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا اور کہا کہ اس معاملے میں بہت سی غلط معلومات پھیلائی جارہی ہیں۔ اس واقعہ میں ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اللو ارجن نے کہا کہ اس معاملے میں کئی طرح کی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ میں کسی شخص، محکمے یا سیاسی رہنما پر الزام نہیں لگانا چاہتا۔ لیکن یہ توہین آمیز ہے اور کردار کے قتل جیسا لگتا ہے۔ انہوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار
بھی کیا ہے۔
سپر اسٹار کا یہ تبصرہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اللو ارجن نے 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں پولیس کی اجازت کے بغیر ان کی فلم 'پشپا 2' کے پریمیئر میں شرکت کی تھی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اداکار کی موجودگی سے تقریب میں بھگدڑ مچ گئی، جس میں ایک 35 سالہ خاتون ہلاک اور اس کا 8 سالہ بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کے حوالے سے اپنی وضاحت میں اداکار نے تمام افواہوں اور الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت سامنے لانے کے لیے تحقیقات ضروری ہیں۔