ممبئی ، 18 مئی (یو این آئی) عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان 211 فنکاروں نے ’خود انحصار ہندوستان‘ سے متاثر ایک نغمہ گایا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے درمیان لوگوں کے جوش و خروش کو بڑھانے کے لئے ملک بھر کے مقبول گلوکاروں نے ایک گانا تیار کیا ہے جو ملک کے مختلف حالات میں لوگوں کو حوصلہ افزا کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔
اس گانے کا پورا نام ’ون نیشن ون وائس - جیتو جیتو بھارتم ‘ ہے۔
اس گانے کے لئے ملک کے 200 سے زائد مشہور گلوکاروں نے اپنی آواز دی
ہے۔
ان میں آشا بھونسلے ، ایس پی بالاسبرامنیم ، شنکر مہادیون ، سونو نگم اور کیلاش کھیر جیسے نام شامل ہیں۔
یہ نغمہ پرسون جوشی نے لکھا ہے اور اسے 12 زبانوں میں تشکیل دیا گیا ہے۔
سروں کی ملکہ لتا منگیشکر نے اس گانے کے بارے میں ایک ٹویٹ کیا ’’نمسکار، ہمارے بہت ہی باصلاحیت 211 فنکاروں نے ایک ہوکر خود انحصار ہندوستان کے جذبے سے متاثر ہو کر اس گانے کی تخلیق کی ہے، جو ہم پورے ہندستان کی عوام کو اور ہمارے محترم وزیر اعظم نریندر بھائی مودی جی کو پیش کرتے ہیں‘‘۔
انہوں نے اس نغمہ کا لنک بھی شیئر کیا ہے ۔