نئی دہلی، 15ستمبر (ایجنسی) امتحان کی تیاریوں اور امتحان کے دوران ذہنی تناو سے بچنے کا "منتر" بتانے والی وزیر اعظم نریندر مودی کی تحریر کردہ کتاب "ایگزام واریرس" کے اردوترجمہ کا آج یہاں اجراء ہوا۔
یہاں منعقد ایک شاندار تقریب میں انسانی وسائل کے فروغ کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر، اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ، فلم ہدایت کار مظفر علی، معروف اداکار رشی کپور اور انو کپور، سنی جمعیت علماء کیرالہ کے جنرل سکریٹری مفتی شیخ ابوبکر اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر سراج الدین قریشی نے اس کتاب کا
اجراء کیا۔اصل کتاب ہندی میں ہے جس کا اب تک پندرہ زبانوں میں ترجمہ کیا جاچکا ہے۔
مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی دنیا کے ایسے پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے امتحان کی وجہ سے طلبہ کو ہونے والے ذہنی تناو کے موضوع پر کتاب لکھی ہے۔مسٹر مودی کے اندر ایک ٹیچر چھپا ہوا ہے اور ان کی کوششوں سے تعلیم کو معیاری بنانے اور ریسرچ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب صرف طلبہ نہیں بلکہ ٹیچروں اور سرپرستوں کے لئے بھی ہے۔ کیوں کہ امتحان کے دنوں میں سرپرست "ٹنشن زیادہ لیتے ہیں اور زیادہ ٹنشن دیتے بھی ہیں۔" انہوں نے تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی مدد کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے کئے جانے والے متعدد اقدامات کا بھی ذکر کیا۔