نئی دہلی، 28اگست (یو این آئی) اردو دنیا کی ساتویں سب سے بڑی زبان ہے اور اس کی خوشبو ہندوستان کی جڑوں میں پیوست ہے, اس کے لفظوں میں انسانیت نوازی، یکجہتی، اتحاد کی دعوت اور انسانی فلاح و بہبود کا پیغام ہے۔یہ بات وزیر تعلیم رمیش پوکھریال نشنک نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام ’الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے دور میں اردو مصنّفین کی ذمہ داریاں‘ کے موضوع پر منعقدہ دوروزہ عالمی اردو ویبینار میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اردو زبان میں غیر معمولی خوب صورتی اور دلوں تک پہنچنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اردو زبان کی یہ خوبی ہے کہ اس کے ذریعے کم لفظوں میں وسیع مضامین کو بیان کیا جاسکتا ہے۔اس سلسلے میں انھوں نے زندگی کے حقائق پر مشتمل مرزا غالب کی شاعری کا خصوصی حوالہ دیا اور اقبال
کے ترانہئ ہندی کے مشہور شعر’سارے جہاں سے اچھا،ہندوستاں ہمارا،ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ گلستاں ہمارا‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس شعر کو سن کر ہمارے دل میں ایک خوشگوار احساس پیدا ہوتا ہے اور اپنے وطن سے محبت و وابستگی کاجذبہ قوی ہوجاتا ہے۔
ویبینار کے موضوع کو اہم قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سوشل میڈیا اپنے افکار و خیالات کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے، ہمیں اسے درست اور تعمیری افکار کے اظہار کے وسیلے کے طور پر استعمال کرنا چاہیے اور دورحاضر کی تیز رفتار تبدیلی اور ترقیات کے ساتھ چل کر سماج کے تئیں اپنی ذمے داری کو نبھانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے قلمکاروں کی ذمے داری ہے کہ دورحاضر کی تبدیلیوں کا ساتھ دیتے ہوئے الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستان کے انسانیت نواز، عالمی اخوت کے افکار و خیالات کی اشاعت کریں۔