نئی دہلی، 21 فروری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے 10ویں اور 12ویں جماعت کے بورڈ کے مجوزہ آف لائن (کلاس روم میں بیٹھ کر) امتحانات کو منسوخ کرنے اور گزشتہ سال کی طرح آپشنل ایلوویشن میتھڈ سے نتائج کا اعلان کرنے کی ہدایت دینے سے متعلق عرضی پرجلد شنوائی کی درخواست منظور کر لی ۔
چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی والی ڈویژن بینچ نے ایڈوکیٹ پرشانت پدمنابھن کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے عرضی کو جسٹس اے ایم کھانولکر کی سربراہی والی بینچ کے پاس سماعت کے لیے لسٹڈ کرنے کا حکم دیا۔مسٹر پدمنابھن نےخصوصی ذکر کے دوران اس معاملے کو ’انتہائی اہم‘
قرار دیا ۔
عرضی میں سی بی ایس ای، آئی سی ایس ای، این آئی او ایس کے علاوہ تمام ریاستوں نے دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات آف لائن موڈسے کرانے پر پابندی عائد کرنے کی اسدعا کی ہے ۔ عرضی گزار کا کہنا ہے کہ کلاسز کا انعقاد آن لائن کیا گیا ہے اس لیے آف لائن امتحان کا انعقاد مناسب نہیں ہوگا ۔ یہ دلیل دی گئی ہے کہ کووڈ -19 وبا کی وجہ سے آف لائن کلاسز نہیں چلائی جا سکیں ۔ ایسے میں آف لائن امتحانات کے انعقاد سے طلباء کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ اپنے رزلٹ کو لے کر شدید دباؤ میں آسکتے ہیں اور اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونے کا خدشہ ہے۔