اُردو یونیورسٹی کے میڈیا سنٹر کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی
حیدرآباد، 11 ستمبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی) کی کارکردگی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔ یونیورسٹی اور میڈیا سینٹر کی کامیابیوں ایک اور نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جناب رضوان احمد،ڈائرکٹر ائی ایم سی کواقوامِ متحدہ کے عالمی ثقافتی ادارے یونیسکو کی باوقار بین الاقوامی کونسل برائے فلم ، ٹیلی ویژن اور آڈیو ویژول کمیونیکیشن (آئی سی ایف ٹی) ،پیرس کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔ وہ آئی ایم سی کی نمائندگی کریں گے۔
سی آئی سی ٹی / آئی سی ایف ٹی کے صدر ، سفیر انوسا اوسینی نے اپنے پیام میں جناب رضوان احمد کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں ادارے کے لیے ان کی بہتر کارکردگی کی امید ظاہر کی۔
بین
الاقوامی کونسل برائے فلم ، ٹیلی ویژن اور آڈیو ویژول کمیونکیشن (آئی سی ایف ٹی) فلم ، ٹیلی ویژن اور نئے میڈیا سے متعلق معاملات میں یونیسکو کی مشاورتی کونسل ہے۔ آئی سی ایف ٹی فرانس کے شہر پیرس میں یونیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں واقع ہے۔
اس نامزدگی پر جناب رضوان احمد نے اپنی مسرت کا اظہار کیا اور آئی سی ایف ٹی سے آئی ایم سی کی وابستگی پر ایگزیکٹو بیورو اور سفیر انوسا اوسینی، ڈائرکٹر جنرل جناب جارجز ڈوپونٹ اور سکریٹری جنرل لولا پوگی گوجون سے اظہارِ تشکر کیا۔ جناب رضوان احمد نے مرکز کی سرگرمیوں کی مستقل سرپرستی پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر انچارج پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ اور رجسٹرار انچارج پروفیسر صدیقی محمد محمود کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس رکنیت کے حصول کے بعد اردو یونیورسٹی اور آئی ایم سی کو عالمی سطح پر یونیسکو کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔ پہلے ہی آئی ایم سی کے مانو نالج سیریز ، میٹ دی میڈیا ویٹرنس وغیرہ جیسے پروگرامس نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل کی ہے۔ اردو عوام کی دہلیز تک تعلیم پہنچانے کے لیے یونیورسٹی کے دائرہ کار کے عین مطابق آئی ایم سی مسلسل کوشاں رہا ہے۔جناب رضوان احمد کی باوقار رکنیت پر یونیورسٹی کے حکام، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ نے مبارکباد پیش کی۔