تلنگانہ میں ڈپلوما انجینئرنگ کے مختلف کورسس میں داخلوں کے لئے منعقدہ پالی سیٹ امتحان کے نتائج جاری ہوگئے۔ محکمہ تعلیم کے اسپیشل سکریٹری وی وینکٹیشم نے نتائج جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال پالی سیٹ میں 84.20 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ اس سال پالی سیٹ کے لئے 92 ہزار 808 امیدواروں نے درخواست داخل کی تھی جن میں 82 ہزار 809 امیدواروں نے امتحان لکھا جن میں 69 ہزار 728 یعنی 84.20
فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی جن میں 37 ہزار 269 لڑکے اور 32 ہزار 459 لڑکیاں شامل ہیں۔ ایم پی سی کے شعبہ میں 84.20 فیصد اور ایم بی پی سی میں 82.48 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ امیدوار اپنے نتائج اور رینک کارڈ ویب سائٹ http://sbtet.telangana.gov.in پر دیکھ سکتے ہیں۔ پالی سیٹ میں حاصل ہونے والے رینک کی بنیاد پر امیدواروں کو ڈپلوما انجینئرنگ، اگریکلچر، فشریز، ہارٹیکلچر، ڈپلوما کورسس میں داخلے دیئے جائیں گے۔