نئی دہلی،9 جون(یواین آئی)حکومت ملک میں کورونا بحران کے پیش نظر اسکولوں میں نصاب کو کم کرنے اور پڑھائی لکھائی کے گھنٹے گھٹانے کے سلسلے میں غور کررہی ہے۔
انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے منگل کو کہا کہ طلبہ اور گارجین کی جانب سے انہیں اس سلسلے میں کافی مشورے ملے ہیں۔یہ لوگ کورونا کی وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے پیش نظر اسکولی طلبہ کے نصاب کو کم کرنے اور انسٹرکشن آور‘ کو گھٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
ڈاکٹر
نشنک نے ٹویٹ کر کے کہا،’’سبھی ٹیچر اور ماہر تعلیم اپنی رائے سے مطلع کرائیں اور میرے فیس بک پیج یا ٹویٹر پر یا وزارت کے ہیش ٹیگ سلیبس فار اسٹوڈنٹس 2020 پر اپنے مشورے پیش کریں تاکہ اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ کل ریاستوں کے تعلیمی سکریٹریوں کی اسکول کھولنے اور امتحان منعقد کرنے کے سلسلے میں میٹنگ ہوئی۔ڈاکٹر نشنک نے کہا کہ سارے مشوروں کو وزارت داخلہ کو بھیجا گیا تاکہ وہ اسکول کھولنے اور امتحان کے سلسلے میں ہدایت اور اصول بنائیں۔