ایم ایس کے اسکولس و کالجس میں یکم تا پانچ سپٹمبر ٹیچرس ڈے تقاریب کا انعقاد ،عمرہ کے لئے 25اساتذہ معہ محرم کا انتخاب کیا جائے گا۔
حیدرآباد، 2 سپٹمبر(پریس ریلیز) ٹیچرس ڈے کے موقع پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی اپنے اساتذہ کو شاندار خراج پیش کررہی ہے۔ ٹیچرس ڈے کی تقاریب کے پہلے دن ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اپنے اساتذہ کے استقبال کے لئے سرخ قالین کا انتظام کیاجس پر سے گذرنے پر طلبہ نے ان پر پھول کی پتییاں نچھاور کیں۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا ماننا ہے کہ اساتذہ ہماری طرف سے ممنونیت اور احترام کے مستحق ہوتےہیں۔ وہ اپنی ساری توانائیاں بچوں کو پڑھانے اور ان کی رہنمائی کے لیے وقف کر دیتے ہیں لیکن ان کی خدمات کو اتنا تسلیم نہیں کیا جاتا جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں۔اس احساس کے مد نظر ایم ایس ایجوکیشنل اکیڈیمی نے ہر سال ٹیچرس ڈے کو دھوم دھام سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سال یہ جشن یکم سپٹمبر سے پانچ سپٹمبر تک منعقد ہوگا جس کے ذریعہ اساتذہ کو بھرپورخراج پیش کیا جائے گا۔ محمد لطیف خان، چیئرمین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے کہا کہ ایک تعلیمی ادارے کے طور پر ہم اپنے بہترین اساتذہ کی خوبیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ اس وقت ہمارے ساتھ تقریباً دو ہزار اساتذہ کام کر رہے ہیں۔اس جشن کا مقصد ہمارے طلبہ میں اساتذہ کے لئے احترام کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ساتھ ہی ساتھ اس موقع پر اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے ا نہیں انعامات سے نوازیں گے ۔ اس موقع پر 25 اساتذہ معہ محرم عمرہ پر روانگی کے لئے قرعہ کے ذریعہ انتخاب کیا جاتا ہے۔محمد لطیف خان نے آگے کہا کہ
گذشتہ سال ٹیچرس ڈے کے موقع پر قرعہ کے ذریعہ منتخب 22 مسلم اساتذہ معہ محرم نے عمرہ کی سعادت حاصل کی تھی جبکہ تین غیر مسلم اساتذہ کو دبئی کا سفراور سیرو تفریح کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔گذشتہ سال عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے ٹیچرس نے سفر سے واپسی کے بعد اپنے تا ثرات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے فراہم کردہ موقع کو اپنے لئے نا قابل فراموش قرار دیا تھا ۔
محمد لطیف خان نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہم اپنے اساتذہ کو عمرہ یا بیرون ملک سفر پر بھیجنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ایم ایس کی انتظامیہ اس سلسلہ میں تمام اخراجات اپنے ذمہ لیتاہے ۔ اس مقصد کے لئےاس سال بھی ٹیچرس ڈے کے موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعے 25 اساتذہ کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ہر منتخب مسلم ٹیچر معہ محرم کو بھی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ جبکہ غیر مسلم اسا تذہ کو معہ شریک حیات دبئی کے سفر کی سہولت ہوگی۔
اس سال ٹیچرس ڈے تقاریب کا آغاز یکم سپٹمبرسے ایم ایس کے تمام ا سکولس اور کالجس میں اساتذہ کے ریڈ کارپٹ استقبال کے ساتھ ہوا اور اس کا اختتام 05 ستمبر کو یوم اساتذہ پر شاندار تقریب کے انعقاد کے ساتھ ہوگا۔ٹیچرس ڈے تقاریب کے دوران مختلف مشاغل اور گیمس جیسے پاٹ لاک اور رول ریورسل اور دیگر سرگرمیوں پر مشتمل ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ طلبہ اور اساتذہ کے درمیان ہم آہنگی قائم ہو۔دس روزہ جشن کے اختتام پر 05 ستمبر یوم اسا تذہ کےموقع پر میٹرو کنونشن آرام گھرپر ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم یس کےاساتذہ کو تحائف، ایوارڈز اور اسناد سے نوازا جائے گا جبکہ دس سال سے زیادہ تجربہ رکھنے والے سینئر اساتذہ کو تہنیت پیش کی جائے گی۔