حیدرآباد، 30 نومبر (پریس نوٹ) - ایم ایس ڈگری کالج کی طالبہ سیدہ فریدہ سلطانہ نے ڈربن جنوبی آفریقہ میں منعقدہ 11ویں کامن ویلتھ کراٹے چمپئن شپ میں خواتین کے انڈر-21 اور61 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسے کا تمغہ جیت کر ہندوستان کا نام روشن کیا ہے۔
گیارہویں کامن ویلتھ کراٹے چمپئن شپ کا انعقاد 28 نومبر سے یکم ڈسمبر 2024 تک جنوبی آفریقہ کے شہرڈربن کے اولیو کنونشن سنٹر، میں کیا جا رہا ہے۔ اس حالیہ فتح نے سیدہ فریدہ سلطانہ کے شاندار کیریئر میں ایک اور اہم اضافہ کیا، سیدہ فریدہ سلطانہ نے اس سے پہلےدو بار یو ایس اے اوپن کراٹے چیمپئن، ملائیشیا اوپن کراٹے چیمپئن، تھائی لینڈ اوپن کراٹے چیمپئن، شارجہ اوپن کراٹے چیمپئن، اور یو اے ای اوپن کراٹے چیمپئن شپ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس ہونہار طالبہ کی مسلسل کامیابی مارشل آرٹس میں ان کی لگن، ثابت قدمی اور غیر معمولی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے۔
کامن ویلتھ کراٹے چیمپئن شپ کا انعقاد جنوبی افریقی کراٹے فیڈریشن نے
کیا تھا اور اس میں 16 ممالک نے شرکت کی۔ سیدہ فریدہ سلطانہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہانشی بھرتھ شرما ،صدر کراٹے انڈیا آرگنائزیشن اور مہیش گوڈ،صدر تلنگانہ کراٹے ایسوسی ایشن نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
با حجاب سیدہ فریدہ سلطانہ آٹھ سالوں سے بلیک بیلٹ کی فرسٹ ڈان شودن ہیں، فریدہ حیدرآباد کے پاکو مارشل آرٹس اینڈ سیلف ڈیفنس اکیڈمی میں اپنے والد اور کوچ سید افتخار حسین کی نگرانی و رہنمائی میں اپنی صلاحیتیں نکھارتی ہیں۔ ان کا عمدہ سپورٹس کرئیر ان کے غیر معمولی عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو انہیں اپنے ہم عصر طالبات میں ایک رول ماڈل بناتا ہے۔
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈآئرکٹر ڈاکٹرمعظم حسین نے سیدہ فریدہ سلطانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامن ویلتھ چمپئین شپ میں ان کی کامیابی پر ایم ایس کو بہت فخر ہے اورہمیں ان کے غیر معمولی سفر میں ان کا ساتھ دینے کا اعزاز حاصل ہے اور آگے بھی ہم سیدہ فریدہ سلطانہ کے ساتھ مزید کئی سنگ میل کا جشن منانے کے منتظر ہیں۔