نئی دہلی 31 دسمبر(یواین آئی) مرکزی وزیرتعلیم رمیش پوکھریال’نشنک‘ نے موتی لال نہرو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم این آئی ٹی)، پریاگ راج کے 17 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ جس طرح یہ شہر تین ندیوں کا سنگم ہے اسی طرح یہ انسٹی ٹیوٹ تکنیکی، اختراع اور علم تخلیق کا سنگم بن گیا ہے۔
ڈاکٹر نشنک نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کہا،’’ہمیشہ اس بات کا خیال رکھیں کی آپ باصلاحیت طلباء میں ہیں جنہیں اس سرکردہ ادارے میں تعلیم حاصل کرنے اور
اپنی فکری صلاحیت کو نکھارنے کاموقع ملا۔ ملک کی نظریں آپ پر ہیں، آپ قوم کے لئے ضرورکچھ کریں گے۔ آپ جہاں بھی جائیں، آپ کے عملی میدان میں ہندوستانی زندگی کے اقدار کا واضح تاثر ہونا چاہئے۔ آپ خود کو مستقل اپڈیٹ، اپگریڈ اور مجتمع کرتے ہوئے آگے بڑھیں۔ آج تک اس ادارے میں اپنی تحقیق اور جدت طرازی سے آپ نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے، وہ آپ کی وراثت ہے اور اس تعلیمی وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کرنا بھی آپ کا ایک اہم فریضہ ہے۔