حیدرآباد، 14 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، اسکول برائے سائنسی علوم کی جانب سے 14 اور 15 جولائی کوپانچویں قومی اردو سائنس کانگریس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ کانگریس کا عنوان ”بین علومی سائنسی تحقیق پر ٹکنالوجی کے اثرات“ ہے۔
پروفیسر سید نجم الحسن ‘شعبہ ریاضی و کنوینر کانگرنس کے بموجب اسکالرس تقریباً تین سو الفاظ پر مشتمل مقالے کی تلخیص (اردو میں)25 جون 2021 تک (ترجیحاً دونوں ورڈ فائل کے طور پر اور پی ڈی ایف فار میٹ میں) ای میل nusc2021.manuu@gmail.com پر روانہ کرسکتے ہیں۔ مقالے کی منظوری کے بارے میں 30 جون تک اطلاع دی جائے گی۔ریفرنگ کے بعد پیش کردہ معیاری اور منتخب کردہ مکمل مقالے کانگریس کی پروسیڈنگس میں شائع کیے جائیں گے۔
30 جون یا اس سے پہلے مکمل مقالہ پیش کرنے والے ریسرچ اسکالرس اور طلبہ بہترین مقالے کے ایوارڈ کے اہل ہوں گے۔تمام رجسٹرڈ شرکا کوای سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔ لنک https://forms.gle/4htLLyTzeSAqDvFX9 پر رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے۔
سائنس کانگرس کا مقصد اردو
زبان میں سائنسی علوم کو مباحثہ و مشاورت کے ذریعے فروغ دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم تشکیل دینا ہے، ’بین علومی سائنسی تحقیق پر ٹکنالوجی کے اثرات‘ پر تبادلہ خیال کے لئے سائنسدانوں اور سائنسی معلمین کو یکجاکرنا ہے، نوجوان طلبہ اور محققین کی قابلیت کو پروان چڑھانا ہے، سائنسی رجحان کو بنیادی سطح پر فروغ دینا ہے۔
کانگریس کے ذیلی عنوانات میں ہیلتھ سائنس، ایگریکلچرل سائنس، ماحولیاتی سائنس، پیور اور اپلائیڈ کیمسڑی، پیور اوراپلائیڈ فزکس، پیور اور اپلائیڈریاضیات، سائنس میں آئی سی ٹی کی اہمیت اور مواصلاتی سائنس ( کمیونیکیشن سائنس) شامل ہیں۔
کانگریس کے سرپرست اعلیٰ پروفیسرایس ایم رحمت اللہ ، وائس چانسلر انچارج اور سرپرست پروفیسر صدیقی محمد محمود ، رجسٹرار انچارج ہیں۔ پروفیسر پروین جہاں، ڈین ‘ اسکول آف سائنسس اس کانگریس کی صدر نشین ہے جبکہ شریک کنوینرس میں پروفیسر سلمان احمد خان ،ڈاکٹر ایس مقبول احمد، ڈاکٹر ایچ علیم باشا، ڈاکٹر افروز، ڈاکٹر سید صلاح الدین شامل ہیں۔