مالیگاؤں، 27دسمبر (یو این آئی) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے مالیگاؤں کے باشندوں کی اردو کے تئیں محبت کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ میں مالیگاؤں کے لوگوں کی اردو زبان اور کتابوں سے غیر مشروط محبت دیکھ کر حیرت زدہ ہوں یہ بات انہوں نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام چوبیسواں قومی اردو کتاب میلے کی اختتامی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
انھوں نے کہا کہ انعقاد سے پہلے حالات کچھ ناگفتہ بہ تھے مگر ہم نے طے کرلیا تھا کہ میلہ کرنا ہے اس لیے ہر ممکن کو شش کی گئی اورکونسل کے اسٹاف کے علاوہ مقامی ذمے داروں نے بھی پوری توانائی صرف کی چنانچہ یہ میلہ نہ صرف منعقد ہوا بلکہ تاریخ ساز کامیابی حاصل کی اور آج تک کی رپورٹ کے مطابق اس میلے سے سوا کروڑ روپے تک کی کتابیں خریدی جا چکی ہیں۔
شیخ عقیل نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ خواتین نے اس میلے میں خاص کر دلچسپی لی، چنانچہ ان کے لیے پورا ایک دن خاص کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ کتاب میلے کے تئیں یہاں کے لوگوں نے جیسا پرجوش رسپانس دیا ہے، اسے دیکھ کر میں چاہتاہوں کہ آئندہ ایک دوسال کے اندر پھر مالیگاؤں میں ہی کتاب میلے کا انعقاد کیا جائے۔ انھوں نے مالیگاؤں کے محبانِ اردو کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا
کہ ہم نے مالیگاؤں والوں کے لیے کونسل کے دروازے کھول دیے ہیں اور زبان و ادب کے تعلق سے پیش کیا گیا آپ کا کوئی بھی پروجیکٹ ریجیکٹ نہیں ہوگا۔ انھوں نے یہاں کے مزدور پیشہ شاعروں اور ادیبوں کے تئیں خصوصاً قدر شناسی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہاں کے ادبی اداروں سے میری درخواست ہے کہ ان کی فہرست بنائیں، ہم ان کی خدمات کے اعتراف میں سمینار کریں گے اور انھیں قومی سطح پر منظر عام پر لایاجائے گا۔
شیخ عقیل نے مالیگاؤں میں خواتین کی تعلیم کے تئیں غیر معمولی بیداری کی خصوصاً ستائش کی اور کہا کہ جس شہر میں بچیوں کی تعلیم پر اس قدر توجہ دی جاتی ہے، اس شہر کا مستقبل یقینا روشن ہے۔ انھوں نے کہا کہ اردو میڈیم سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی بچیوں کے تئیں میرے دل میں بہت عزت و احترام ہے اور مستقبل قریب میں ہم مالیگاؤں میں ایک ایسا سمینار کروانا چاہیں گے جس میں خواتین کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔ شیخ عقیل نے اس میلے کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام اداروں،افراد، اہالیانِ مالیگاؤں،میلے کے رضاکار،کونسل کے سٹاف اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اردو کے تئیں اور کونسل کے تئیں یہاں کے لوگوں کی محبت برقرار رہے گی اور ہم آپ کے تعاون سے فروغِ اردو کے کاز کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔