نئی دہلی، 06 اکتوبر (یو این آئي) مرکزی وزیرتعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ اسکولوں کی تعلیم اور اساتذہ کی تعلیم میں بنیادی تبدیلیاں لانے کے لئے 34 سال کے بعد ایک نئی قومی تعلیمی پالیسی لائی گئی ہے اور اس پالیسی کو نافذ کرنے میں قومی کونسل برائے تعلیمی تحقیق و تربیت (این سی ای آر ٹی) کا کردار انتہائی اہم ہے کیوں کہ یہ اسکول کے نئے نصاب، درسی کتب اور دیگر پہلوؤں کے بارے میں رہنما ہدایات فراہم کرے گی۔
این سی ای آر ٹی کے 60 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نے کہا کہ کسی ادارے کی اصل شناخت اس کی عمارت سے نہیں بلکہ اس کے افعال سے ہوتی ہے اور این سی ای آر ٹی نے اپنی تعلیمی کامیابیوں کے ذریعہ ایک الگ شناخت قایم کی ہے۔
انہوں نے این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ریشیکیش سیناپتی کو مبارکباد پیش کرتے
ہوئے کہا کہ این سی ای آر ٹی کے لازمی کاموں میں اسکول کی تعلیم کے معیار کو بڑھانے کے لئے مستقل تحقیق کرنے کے ساتھ ہی بچوں، اساتذہ، والدین اور دیگر متعلقہ افراد کے لئے مفید تعلیمی مواد تیار کرنا اور ضرورت کے مطابق تربیتی پروگراموں کا اہتمام کرنا شامل ہے۔ انسٹی ٹیوٹ نے پانچ دہائیوں سے زیادہ طویل عرصے سے ان شعبوں میں عمدہ کام کیا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ "34 سال بعد ہم ایک نئی قومی تعلیمی پالیسی لے کر آئے ہیں جس میں اسکولی تعلیم اور اساتذہ کی تربیت میں یکسر تبدیلی کی سفارش کی گئی ہے۔ اس پالیسی کو نافذ کرنے میں این سی ای آر ٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے این سی ای آر ٹی کے ذریعہ قومی نصاب کا خاکہ تیار کیا جائے گا، جو نئے نصاب، درسی کتب اور اسکول کے دیگر پہلوؤں کے بارے میں رہنما ہدایات فراہم کرے گا۔